خبرنامہ سندھ

امجد صابری کےقتل کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم

کراچی(آئی این پی ) معروف قوال امجد صابری کے قتل کا مقدمہ ان کے بھائی عظمت صابری کی مدعیت میں شریف آباد تھانے میں درج کرلیا گیا جب کہ واقعہ تحقیقات کے لیے ڈی آئی جی غربی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ۔ معروف قوال امجد صابری کے قتل کا مقدمہ شریف آباد تھانے میں درج کرلیا گیا ۔ پولیس کے مطابق مقدمہ امجد صابری کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق مقدمہ نمبر ایک سو ایک بٹا دو ہزار سولہ میں انسداد دہشتگردی کی دفعات سمیت دیگر دفعات شامل ہیں جبکہ مقدمہ میں نامعلوم ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے ۔دوسری جانب امجد صابری قتل کیس کی تحقیقات کے لیے ڈی آئی جی غربی ذوالفقار لاڑک کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی جس میں ایس ایس پی وسطی، ایس ایس پی غربی اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی کا پہلا اجلاس ڈی آئی جی آفس میں ہوا جس میں واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور جیو فینسنگ رپورٹ کی روشنی میں کیس کا مختلف پہلوؤں سے جائزہ لیا گیا۔ قتل میں ملوث مبینہ حملہ آوروں کی سی سی ٹی وی فوٹیج سیکیورٹی اداروں نے جاری کردیں۔ حملہ آوروں کو پیچھا کرتے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ ملزمان کے بیک اپ میں ایک اور موٹر سائیکل سوار بھی موجود تھا۔ عقب میں بیٹھے حملہ آوور نے سفید رنگ کا شلوار قمیض پہناہوا ہے جبکہ موٹر سائیکل چلانے والے نے پینٹ شرٹ پہن رکھی ہے۔ تحقیقاتی اداروں کے مطابق فوٹیج کی مدد سے پیچھے بیٹھے ملزم کی شناخت میں بہت مدد ملے گی۔ سکیورٹی اداروں نے ابتدائی طور پر ایک موٹر سا ئیکل پر سوار دو حملہ آوروں کے واردات میں ملوث ہونے کا شعبہ ظاہر کیا تھا تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمان کے بیک اپ میں ایک موٹر سائیکل سوار موجود تھا۔ سی سی ٹی وی میں واضح دیکھا جا سکتا ہے کہ بیک موٹر سائیکل سوار ساتھیوں کا انتظار کر رہا ہے اور ان کے آنے کے بعد دونوں موقع سے باآسانی فرار ہوگئے۔واضح رہے کہ امجد صابری کو گزشتہ روز کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں مسلح افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا جس میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جب کہ ان کی تدفین پاپوش نگر قبرستان میں کی گئی۔