کراچی:(اے پی پی) امریکا میں عدالتی حکم کے بعد ایگزیکٹ گروپ کی 3کمپنیوں کے اکاؤنٹ منجمد کر دیے گئے ہیں۔عدالت نے یہ حکم ا س سال 5فروری کو جاری کیا ۔یہ حکم 2 ارب 30 کروڑ روپے کا جرمانہ ادا نہ کرنےپر دیا گیا جس کی ادائیگی کی ہدایت 2012ء میں دی گئی تھی ۔ یہ جرمانہ ریاست مشی گن میں 30 ہزار طلبا و طالبات کو جعلی ڈگریاں جاری کرنے پر کیا گیاتھا۔ ڈسٹرکٹ کورٹ آف مشی گن نے بیلفورڈ ہائی اسکول اور بیلفورڈ یونیورسٹی کی ویب سائٹس کو جعلی قرار دیا۔ عدالتی کارروائی کے دوران ایگزیکٹ کا ایک ملازم بھی شریک رہا یہ وہی ملازم ہے جس نے کراچی کی عدالت میں ان کمپنیوں کی نمائندگی کی تھی اور اس بات کا اقرار عدالت میں بھی کیا تھا ۔ اس بات کے بھی شواہد ہیں کہ ڈمی کمپنیاں ایگزیکٹ کی ٹا پ مینجمنٹ کی ملکیت ہیں ۔ ایگزیکٹ انتظامیہ نے نہ صرف طلبہ کو جھانسہ دیا بلکہ اُس نے مشی گن عدالت کو بھی بے وقوف بنایا۔ایگزیکٹ کراچی آفس میں کام کرنے والے نائب قاصد سلیم قریشی کا ایک وڈیو بیان مشی گن عدالت میں مذکورہ کمپنیوں کے دفاع کیلئے پیش کیا گیا۔ وڈیو میں سلیم قریشی کے محض ہونٹ ہلے ہیں آواز وڈیو میں نظر نہ آنے والے کسی دوسرے شخص کی ہے۔ سلیم قریشی نے کراچی کی عدالت میں اس کا اعتراف کیا تھا۔ایگزیکٹ گروپ کے نائب قاصد نے ایف آئی اے کی تحقیقات کے دوران اور بعد میں کراچی کی عدالت میں رضاکارانہ طور پر بیان دیا تھا کہ اس نے ایگزیکٹ کے چیف آپریٹنگ آفیسرکی ہدایت کے مطابق امریکی عدالت میں پیش کیا جانے والا وڈیو بیان ریکارڈ کر ایا تھا، بیان ریکارڈ کراتے وقت اسے یہ نہیں بتایا گیا تھا کہ بیان کہاں پیش کرنا ہے۔ ایگزیکٹ گروپ کی یہ 3کمپنیاں امریکا کی ریاست ڈیلاویئر میں کام کرتی ہیں جو کالادھن رکھنے والوں کیلئے جنت کے نام سے مشہور ہے کیونکہ امریکی قانون کے مطابق اس ریاست میں کام کرنے والی کسی بھی کمپنی سے متعلق معلومات خفیہ رکھی جاتی ہیں اور صرف سکیورٹی اداروں کو ضرورت پڑنے پر مطلوبہ معلومات فراہم کی جاتی ہیں ۔ کمپنیوں کے اکاؤنٹ سٹی بینک میں تھے۔بینک کو کمپنیوں کے اکاؤنٹ منجمد کرنے کا تحریری حکم موصول ہو گیا ہے۔