کراچی:(ملت آن لائن) امل قتل کیس میں گرفتار ملزم خالد پر 2 مقدمات میں فرد جرم عائد کردی گئی۔
یاد رہے کہ رواں برس 13 اگست کی شب کراچی میں ڈیفنس موڑ کے قریب اختر کالونی سگنل پر مبینہ پولیس مقابلے میں ایک مبینہ ملزم کے ساتھ ساتھ جائے وقوع پر موجود گاڑی کی پچھلی نشست پر بیٹھی 10 سالہ بچی امل بھی جاں بحق ہوگئی تھی جبکہ ایک ملزم جائے وقوع سے فرار ہوگیا تھا۔
جس کے بعد آرٹلری میدان تھانے کی پولیس نے ملزم خالد کو 25 ستمبر کو مقابلے کے بعد گرفتار کیا، جو رکشہ ڈرائیور اور ہجرت کالونی کا رہائشی ہے۔
ملزم خالد کے خلاف ڈکیتی اور پولیس مقابلے کا مقدمہ درج ہے۔
کراچی کی مقامی عدالت میں آج امل قتل کیس میں گرفتار ملزم خالد کے خلاف مقدمات کی سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران عدالت نے ملزم پر فرد جرم عائد کردی، تاہم اس نے صحت جرم سے انکار کیا۔
دوسری جانب عدالت نے 12 نومبر کے لیے کیس کے گواہوں اور تفتیشی افسر کو نوٹس بھی جاری کردیئے۔