خبرنامہ سندھ

امین الحق رینجرزکےخلاف پروپیگنڈےکا الزام مقدمہ درج

کراچی(ائی این پی) رینجرز نے ایم کیوایم کے میڈیا سیل کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے کوآرڈینیٹر امین الحق کے خلاف مقدمہ درج کرادیا۔ رینجرزنے ایم کیوایم کے میڈیا سیل کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے کوآرڈی نیٹر امین الحق کے خلاف مقدمہ عزیز آباد تھانے مین درج کرادیا۔ رینجرز کے ڈی ایس آر کی جانب سے دائرمقدمے کی درخواست میں کہا گیا کہ ایم کیوایم کے میڈیا سیل انچارج امین الحق دانستہ طور پر پارٹی کے مرکز نائن زیرو میں بیٹھ کر شہر قائد میں مامور پاکستان رینجرز کے اعلی افسران و اہلکاروں کے خلاف پروپیگنڈا کررہے ہیں۔ امین الحق کے خلاف ایف آئی آرمیں اشتعال انگیزی اوردہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں جب کہ ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ سوشل ، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے ایسے ویڈیو کلپس بھیجی جارہی ہیں جن کا کوئی محبِ وطن سوچ بھی نہیں سکتا جب کہ قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف بے شمارقابلِ اعتراض مواد مسلسل نشر کیا جا رہا ہے جو کراچی آپریشن میں مصروف رینجرز کے جوانوں کے حوصلے پست کرنے کی سازش ہے ۔ ایم کیو ایم کے رہنما ندیم نصرت نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر چلنے والی ویڈیو کو جواز بنا کر رینجرز کی جانب سے مقدمہ قائم کیا گیا، ایم کیو ایم ایک ذمہ دارسیاسی جماعت ہے وہ اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ عمل پر یقین نہیں رکھتی۔