انتظار قتل کیس: پولیس حتمی چالان جمع کرانے میں ناکام، 12 مارچ تک آخری مہلت
کراچی:(ملت آن لائن) پولیس انتظار قتل کیس کا حتمی چالان جمع نہ کراسکی جس پر عدالت نے تفتیشی افسر کو 12 مارچ تک چالان جمع کرانے کی آخری مہلت دے دی۔ کراچی کے علاقے ڈیفنس میں اینٹی کار لفٹنگ سیل کے اہلکاروں کے ہاتھوں قتل ہونے والے نوجوان انتظار احمد کے کیس کا عبوری چالان یکم مارچ کو عدالت میں جمع کرایا گیا جس میں ایس ایس پی مقدس حیدر، مدیحہ کیانی، ماہ رخ اور سہیل احمد کو کلین چٹ دی گئی۔
انتظار قتل کیس: پولیس نے عبوری چالان میں ایس ایس پی مقدس حیدر کو کلین چِٹ دیدی
کیس کے عبوری چالان میں گرفتار ایک پولیس اہلکار غلام عباس کو عدم شواہد کی بناپر بے گناہ قراردیا گیا۔ کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں انتظار قتل کیس کی سماعت ہوئی جس دوران تفتیشی افسر نے عدالت سے ایک بار پھر حتمی چالان جمع کرانے کے لیے مہلت طلب کی۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو چالان جمع کرانے کے لیے 12 مارچ تک کی آخری مہلت دے دی جب کہ پولیس کو اسی روز جے آئی ٹی کی رپورٹ جمع کرانے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ انتظار قتل کیس میں 8 اےسی ایل سی اہلکار جوڈیشل ریمانڈ پرجیل میں ہیں اور مقدمے میں نامزد انسپکٹر طارق رحیم ضمانت پر ہیں جب کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ تھانہ درخشان میں درج ہے۔ یاد رہے کہ 13 جنوری کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے 19 سالہ نوجوان انتظار جاں بحق ہوگیا تھا۔