انتظار قتل کیس کی عینی شاہد مدیحہ کیانی ویڈیو بیان کے بعد سے لاپتہ
کراچی:(ملت آن لائن) انتطار قتل کیس کی اہم گواہ مدیحہ کیانی ویڈیو بیان کے بعد سے لا پتہ ہیں جب کہ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثناءاللہ عباسی کا کہنا ہے کہ گواہوں کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ مدیحہ کیانی نے مقتول انتظار کے والد کے ہمراہ ایک ویڈیو بیان جاری کیا تھا جس میں انہوں نے نوجوان کے قتل کو ‘سوچا سمجھا منصوبہ’ قرار دیتے ہوئے تفتیشی عمل پر سوالات اٹھائے تھے۔ مدیحہ کیانی نے رینجرز سے تحفظ کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر سچ سامنے لانا ہے تو ماہ رخ نامی لڑکی سمیت اعلیٰ شخصیات سے بھی مکمل تفتیش ہونی چاہیے۔ دوسری جانب ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثناءاللہ عباسی کا کہنا ہے کہ عینی شاہدین کو کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں، تفتیش پر اثر انداز ہونے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ قیاس آرائیوں کی بجائے کسی کے پاس کوئی ثبوت ہے تو وہ دیے جائیں، جے آئی ٹی کو مکمل کرنے کے لیے ثناء اللہ عباسی نے آج سہہ پہر 3 بجے تمام افراد کو بھی طلب کر رکھا ہے۔