خبرنامہ سندھ

اندرون سندھ حالات بہتر نہیں‘اختیارات دیئے تو کراچی کے باہر بھی آپریشن کرینگے:ڈی جی رینجرز

کراچی:(اے پی پی)ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے کہا ہے اختیارات دیئے گئے توکراچی سے باہر بھی آپریشن کریں گے۔ کراچی میں امن عارضی نہیں مستقل ہے اور یہ آپریشن اہداف کے حصول تک جاری رہے گا۔ این اے 245 اور پی ایس 115 کے ضمنی انتخابات کے موقع پر مختلف پولنگ سٹیشنوں پر سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لینے کے بعد ماڈل سکول پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا شہر قائد میں پرامن حالات کا سہرا عوام کو جاتا ہے، پرامن حالات دوسال کی محنت کا نتیجہ ہے۔ کراچی میں قائم کردہ امن عارضی نہیں مستقل ہے۔ انہوں نے کہا حکومت کی جانب سے انسداد دہشت گردی کے تحت اختیارات دیئے گئے تو کراچی سے باہربھی آپریشن کریں گے۔ امن کے لئے تمام اداروں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ سندھ رینجرز کو وفاق اور صوبائی حکومت کی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی وہ جرائم کے خاتمے اور لاقانونیت کے خاتمے کے لئے رینجرز کے ساتھ تعاون کریں۔ صباح نیوز کے مطابق انہوں نے کہا اندرون سندھ بھی حالات بہتر نہیں۔