خبرنامہ سندھ

انسداد دہشتگردی کیلئےچند دنوں میں بڑےاقدامات کریں گے: چانڈیو

کراچی: (آئی این پی) مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کا سندھ ایپکس کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ قیام امن کیلئے پولیس میں نئی بھرتیاں کی جائیں گی۔ پولیس کا ڈیٹا بیس بنایا جائے گا۔ مدارس کی رجسٹریشن کا فیصلہ حتمی ہے۔ مدارس کا آڈٹ ہوگا، انھیں بتانا ہوگا کہ پیسہ کہاں سے آیا۔ تاہم مذہبی جماعتوں کے خدشات کو دور کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست کا یہ چلن نہیں ہونا چاہیے کہ ہنگامہ آرائی کی جائے۔ متحدہ بانی کے حامی اب بھی ڈھکے چھپے الفاظ میں حمایت کرتے ہیں۔ جو کوئی بھی ملک کیخلاف زبان کھولے گا، اس کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔ کسی کو ملک کیخلاف بولنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ مشیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ دوسرے صوبوں سے آنے والے کراچی میں کارروائیاں کرتے ہیں، جنھیں اب روکا جائے گا۔ سندھ میں عارضی رہائش رکھنے والوں کا ریکارڈ دیکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی میں غیر ملکی ملوث ہیں جن کا سدباب کریں گے۔