خبرنامہ سندھ

انیس قائمخانی، سلیم شہزاد اور عبدالقادر پٹیل کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

کراچی:(اے پی پی)انسداد دہشت گردی کورٹ میں ڈاکٹر عاصم کیس میں نامزد میئر کراچی وسیم اختر اور رؤف صدیقی عدالت میں پیش ہوئے۔ جیل حکام نے ڈاکٹرعاصم کے میڈیکل سرٹیفکیٹ کے ساتھ بتایا کہ ڈاکٹر عاصم شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں اور وہ عدالت میں پیش ہونے کے قابل نہیں۔ اس رپورٹ پر رؤف صدیقی نے جواب دیا کہ وہ ایک پاگل کی گواہی پر ٹنگے ٹنگے پھر رہے ہیں۔ تفتیشی افسر ڈی ایس پی الطاف حسین نے مفرور ملزموں کے بارے رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے خط لکھ کر ایف آئی اے اور ایئر پوٹ حکام سے انیس قائمخانی ، سلیم شہزاد اور عبدالقادر پٹیل کی واپسی کی اطلاع کیلئے کہا تھا لیکن تحریری یقین دہانی کے باوجود انیس قائم خانی کی واپسی کی اطلاع نہیں دی گئی۔ عدالت نے سوال کیا کہ انیس قائمخانی 2 گھنٹے سے زائد وقت پریس کانفرنس میں بیٹھا تھا کیا آپ کو پتہ ہے۔ تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ہاں انھیں پتہ ہے۔ عدالت نے ایک مرتبہ پھر انیس قائمخانی اور دیگر کی گرفتاری کا حکم جاری کرتے ہوئے تفتیشی افسر سے سوال کیا کہ اب آپ کیا کریں گے۔ جائیں انھیں گرفتار کر کے لائیں۔ تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ وہ عدالتی حکم پر عمل کر کے آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کرے گا۔