خبرنامہ سندھ

انیس قائم خانی نےمارنےکا ٹارگٹ دیا :سعید بھرم

کراچی (آئی این پی ) متحدہ کے گرفتار کارکن سعید بھرم نے جے آئی ٹی کے سامنے سنسنی خیز انکشافات کئے ہیں ، سعید بھرم کا کہنا ہے کہ انیس قائم خانی نے اسے ذوالفقار مرزا ، شاہی سید ، آفاق احمد کو ٹارگٹ کرنے کا ٹاسک دیا ، کراچی آپریشن کے دوران 13 ٹارگٹ کلر بیرون ملک فرار ہوئے ، جے آئی ٹی رپورٹ دنیا نیوز نے حاصل کر لی ۔ متحدہ کے گرفتار کارکن احمد سعید عرف سعید بھرم کے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے ہوش ربا انکشافات ، سعید بھرم کے مطابق متحدہ رہنما انیس قائم خانی نے اسے نائن زیرو پر بلایا اور ڈاکٹر ذوالفقار مرزا ، شاہی سید اور آفاق احمد کو ٹارگٹ کرنے کا ٹاسک دیا ۔ ملزم نے انکشاف کیا کہ بہادر آباد میں غیر قانونی پینٹ ہاؤس بنانے کیلئے گورنر عشرت العباد کے بھائی عامر العباد کو بھتہ دیا تھا ۔ ملزم نے دوران تفتیش قبضہ مافیا میں ملوث ایم کیو ایم کے 9 رہنماؤں کے نام بھی اگل دیئے ۔ سعید بھرم نے بتایا کہ کراچی آپریشن کے دوران تیرہ ٹارگٹ کلرز بیرون ملک فرار ہو ئے ۔ اس نے انکشاف کیا کہ سیکڑوں کارکنوں کو بھارت میں را نے ٹارگٹ کلنگ اور تخریب کاری کی تربیت دی ۔ ملزم نے بتایا کہ ٹارگٹ کلنگ میں اسلحہ کیلئے خفیہ کوڈ استعمال ہوتا تھا ۔ کلاشنکوف کو کمپیوٹر ، پسٹل کو پنسل اور بارود کو چنا کہا جاتا تھا ، جبکہ راکٹ لانچر کیلئے پائپ کا کوڈ تھا ۔ سعید بھرم نے انکشاف کیا کہ دو ہزار بارہ میں حماد صدیقی نے مہاجر صوبے کے خلاف محبت سندھ ریلی روکنے کا حکم دیا ۔ جس پر عامر سر پھٹا نے ریلی پر فائرنگ کی تھی ۔ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کی رپورٹ دنیا نیوز نے حاصل کر لی ۔