خبرنامہ سندھ

اورنگی بنگلہ بازار میں پولیس موبائل پر فائرنگ ، 7 اہلکار شہید

کراچی(اے پی پی)کراچی میں اورنگی ٹائون بنگلہ بازار میں پولیس موبائل پر فائرنگ کے نتیجے میں سات اہلکار شہید اور دو زخمی ہوگئے ۔ شہید ہونے والے پولیس اہلکار پولیو ٹیموں کی سکیورٹی پر مامور تھے ۔ تفصیلات کے مطابق پولیس اہلکار پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کیلئے موبائل وین میں ڈیوٹی پر مامور تھے کہ اسی دوران نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے پولیس موبائل پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگئے ۔ انہیں فوری طور پر مقامی ہسپتال داخل کرایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملہ آور دو موٹر سائیکلوں پر سوار ہوکر آئے اور انہوں نے اندھا دھند فائرنگ کی جس سے سات پولیس اہلکار شہید ہوگئے ۔ واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کر لئے ۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزموں کی گرفتاری کیلئے ٹیم بنا دی ہے اور جلد ہی انہیں گرفتار کر لیا جائے گا ۔ ملزموں کے پاس ایس ایم جی اور نائن ایم ایم بندوقیں تھیں جن کی گولیوں کے خول جائے حادثہ سے ملے ہیں ۔