اوپر الله اور نیچے الله ڈنو کا قانون چل رہا ہے۔سہیل انور
بدین(ملت آن لائن)صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلے کے بعد آئی جی سندھ وزیر داخلہ اور وزیراعلیٰ تو کیا وزیراعظم کو بھی جوابدہ نہیں رہے۔
میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی رہنما سہیل انور سیال کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلے کے بعد آئی جی سندھ وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ تو کیا وزیراعظم کو بھی جوابدہ نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب کسی تھانیدار کے خلاف بھی شکایت ہو تو میں کچھ نہیں کر سکتا، اوپر الله اور نیچے الله ڈنو کا قانون چل رہا ہے۔
صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ اب میرا اختیار صرف آئی جی سندھ کو اطلاع دینا رہ گیا ہے جب کہ کراچی میں خواتین پر چاقو سے حملہ کرنے والے ملزمان کی گرفتار ی کے لئے پولیس اور رینجرز کو ٹاسک دیا ہے، امید ہے کہ حملہ آور جلد گرفتار ہو جائے گا۔
سہیل انور سیال نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ سے نااہل قرار دیئے جانے والے نواز شریف کی طرح موجودہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی بھی سندھ کے عوام کی خدمت کے بجائے جھوٹے وعدے کر رہے ہیں۔ وفاقی حکومت کو چھوٹے صوبوں میں تعمیر و ترقی میں کوئی دلچسپی نہیں رہی جبکہ نواز لیگ اب ناکام لیگ بن چکی ہے اور 2018 نواز لیگ کی ناکامی اور پیپلزپارٹی کی کامیابی کا سال ہو گا۔