خبرنامہ سندھ

اویس شاہ کی بازیابی کےلیےکوئی کسراٹھا نہیں رکھیں گے، بلاول

کراچی: پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سے ملاقات کی اور ان کے بیٹے کی بازیابی کے لیے صوبائی حکومت اور اداروں کی بھرپورکوششوں کا یقین دلایا۔بلاول بھٹو زرداری نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس سجاد علی شاہ سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی جس میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی بھی موجود تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کو یقین دلایا کہ ان كے مغوی بیٹے بیرسٹر اویس شاہ كی بازیابی كے لیے حكومت سندھ اور قانون نافذ كرنے والے ادارے اپنی بھرپور كوششیں کررہے ہیں۔بلاول بھٹو نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کو بتایا کہ اویس شاہ کی جلد اور باحفاظت بازیابی كے لیے ہر قدم متعلقہ اداروں سے مشاورت كے ساتھ اٹھایا جا رہا ہے اور اس واقعہ پر میں خود فكرمند ہوں اس لیے بازیابی کی تمام کوششوں کی خود نگرانی کررہا ہوں۔