کراچی(اے پی پی)آئی جی سندھ غلام حیدرجمالی کوعہدے سے ہٹا کر اے ڈی خواجہ کو آئی جی سندھ مقررکردیاہے۔ذرائع کے مطابق نئے آئی جی سندھ کی تعیناتی حکومت سندھ کے مشورے کے ساتھ کی گئی۔وزیر اعظم نوازشریف نے تعیناتی کی سمری کی منظوری دے دی ہے۔سپریم کورٹ نے پولیس تفتیشی فنڈز میں خورد برد کرنے اور خورد برد کی انکوائری کرنے والی کمیٹی پر اثر انداز ہونے کی کوششوں پر حکومت کو آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کیخلاف کارروائی کا حکم دیا تھا ۔ سپریم کورٹ کے حکم کے بعد وفاقی حکومت کی طرف سے آئی جی سندھ کو تبدیل کر کے ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ اے ڈی خواجہ کو آئی جی سندھ تعینات کردیا گیا ہے۔ نو تعینات آئی جی سندھ اللہ دینو خواجہ ( اے ڈی خواجہ) نے اپنی تعیناتی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے وفاقی حکومت کی جانب سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ بطور آئی جی سندھ پولیس کی بہتری کیلئے کام کروں گا۔