خبرنامہ سندھ

آصف بلاول ملاقات

دبئی: (ملت+اے پی پی) آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کی دبئی میں ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے پاناما لیکس کے معاملے پر بھرپور جد و جہد پر اتفاق کیا ہے۔ تمام اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ ملا کر حکومت پر پاناما لیکس کیلئے قانون سازی کیلئے دباؤ بڑھایا جائے گا- پی پی پی قیادت نے پاناما لیکس پر قانون سازی کیلئے پارلیمنٹ اور عوامی سطح پر بھرپور آواز اٹھانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ یوم تاسیس کے حوالے سے پارٹی پالیسی لائن پر بھی بلاول اور زرداری کے درمیان تفصیلی مشاورت ہوئی۔30 نومبر کے بعد جیالوں کو ملک بھر خاص طور پر پنجاب میں متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پنجاب کے جیالوں کو باہر لانے کیلئے بلاول بھٹو خود صوبہ بھر کا دورہ کریں گے۔ بینظیر بھٹو کی برسی 27 دسمبر تک جیالوں کو متحرک کیا جائے گا۔ 27 دسمبر تک نواز شریف نے 4 مطالبات نہ مانے تو تحریک کا اعلان کیا جائے گا اور قیادت خود میدان میں اترے گی۔ ملاقات میں قیادت کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس مطالبات ماننے کیلئے صرف 27 دسمبر تک کا وقت ہے۔ پی پی پی قیادت کا کہنا ہے کہ مطالبات جمہوری انداز میں پیش کر دیئے ہیں، حکومت جمہوری ردعمل ظاہر کرے، ٹال مٹول سے کام نہ لے، غیرجمہوری طرز عمل حکومت کیلئے نقصان دہ ہو گا۔ قیادت کا کہنا تھا کہ جیالے تیار ہو جائیں، پنجاب واپس لینے کیلئے میدان میں اتر رہے ہیں۔ دریں اثناء پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے یوم تاسیس کے سیاسی میلے میں ارکان پارلیمنٹ کو بھرپور شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔ پارٹی کے یوم تاسیس کی تقریبات 30 نومبر سے 5 دسمبر تک بلاول ہاؤس لاہور میں جاری رہیں گی۔ 1 دسمبر کو بلوچستان، 2 دسمبر کو خیبر پختونخوا کا کنونشن ہو گا۔ 3 دسمبر کو جنوبی پنجاب، 4 دسمبر کو کشمیر اور گلگت بلتستان کا کنونشن جبکہ 5 دسمبر کو سنٹرل پنجاب کا کنونشن ہو گا۔ پارٹی ترجمان کے مطابق، یوم تاسیس کی مناسبت سے مشاعرے اور موسیقی کے پروگرام بھی ہوں گے۔