خبرنامہ سندھ

آصف زرداری دبئی چلے گئے

کراچی:(ملت+اے پی پی) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر آصف علی زرداری اتوار کو کراچی سے دبئی چلے گئے، وہ 3 روز تک دبئی میں قیام کریں گے اور17جنوری کو امریکا روانہ ہو جائیں گے، امکان ہے کہ آصف علی زرداری20 جنوری کو امریکا میں نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے جبکہ 2 فروری کو امریکی صدر باراک اوباما کے لنچ میں شرکت کریں گے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری 19جنوری کو پیپلز پارٹی کے تحت ہونے والی لاہور فیصل آباد ریلی کی قیادت کے بعد اپنے شیڈول کے مطابق امریکا روانہ ہوں گے، پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کی امریکی حکام کے ساتھ ملاقاتیں طے ہو گئی ہیں، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری امریکا کی نئی اور پرانی انتظامیہ کے اہم حکام کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے دونوں رہنماؤں کی کئی امریکی سینیٹرز، کانگریس کے نمائندوں اور دیگر امریکی حکام سے بھی ملاقاتیں ہوں گی جن میں پاک امریکا تعلقات، پاک بھارت تعلقات، افغان پالیسی، چین کے ساتھ تجارتی تعلقات سمیت خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوگا، بلاول بھٹو زرداری کی ملاقاتوں کا ایجنڈا پاک امریکا تعلقات میں بہتری لانا ہو گا،آصف زرداری امریکا میں قیام کے دوران طبی معائنہ بھی کرائیں گے، تاہم پیپلز پارٹی کی جانب سے ان دونوں رہنماؤں کے بیرون ملک دورے سے متعلق’’ آفیشلی‘‘ میڈیا کو آگاہ نہیں کیا گیا ہے۔