کراچی (آئی این پی) متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ اگر بلقیس مختار اپنی مرضی سے گئیں تو امجد اللہ بھی اپنی مرضی سے آئے ہیں، یہ تاثر غلط ہے کہ ایم کیو ایم زبردستی ووٹ لیتی ہے، ہم نے امجد اللہ کو پیسے دے کر نہیں دل دے کر بلایا ہے، ہمارے فتح کے مزے کو خراب کرنے کیلئے دودھ میں مینگنیاں ڈالی جا رہی ہیں۔ وہ جمعرات کو حلقہ این اے 245 میں انتخابات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جو مکا لڑائی کے بعد یاد آئے اسے اپنے منہ پر مار لینا چاہیے، ہارنے والوں کے پاس صرف بہانے ہوتے ہیں، اگر بلقیس مختار اپنی مرضی سے گئیں تو امجد اللہ بھی اپنی مرضی سے آئے ہیں، یہ تاثر غلط ہے کہ ایم کیو ایم زبردستی ووٹ لیتی ہے، ہم نے امجد اللہ کو پیسے دے کر نہیں دل دے کر بلایا ہے، امجد اللہ کو پیارا دل دیا وہ دل لے کر بیٹھ گئے، امجد اللہ ایم کیو ایم میں آ گئے ہیں تو اب سب کیلئے انگور کھٹے ہیں، شرانگیزی پھیلا کر ایم کیو ایم کی جیت کا مزہ خراب کیا جا رہا ہے۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ 2 اپریل کے بعد سے ایم کیو ایم کے خلاف شر انگیزی پھیلائی جا رہی ہے، یہاں نہ کوئی امیدوار خریدار جا سکتا ہے اور نہ ہی کوئی بک سکتا ہے، ایم کیو ایم پر کچرااچھال کرایم کیو ایم کو خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہمارے فتح کے مزے کو خراب کرنے کیلئے دودھ میں مینگنیاں ڈالی جا رہی ہیں۔(اح)