خبرنامہ سندھ

ایان علی کانام دوبارہ ای سی ایل میں ڈال دیاگیا

کراچی: (آئی این پی) سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے بیرون ملک جانے کی اجازت ملنے کے بعد ایان علی دبئی روانگی کے لئے وکلا کے ہمراہ کراچی ائیر پورٹ پہنچی۔ تاہم امیگریشن حکام کی جانب سے ایان علی کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی گئی اور ان کا بورڈنگ پاس منسوخ کر دیا گیا۔ امیگریشن حکام کا کہنا تھا کہ جب تک انہیں اسلام آباد سے آگاہ نہیں کیا جاتا وہ ایان علی کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ بیرون ملک جانے کی اجازت نہ ملنے پر ایان علی بوجھل دل کے ساتھ گھر کو روانہ ہو گئیں۔ پنجاب حکومت کے ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے وفاقی وزارت داخلہ کو ایک ریفرنس بھیجا گیا ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ ماڈل ایان علی کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے تاکہ وہ بیرون ملک نہ جا سکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے ریفرنس مقتول کسٹم انسپکٹر اعجاز محمود کی بیوہ کی طرف سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر رٹ کے جواب میں بھیجا ہے۔ مقتول اعجاز محمود کی بیوہ نے رٹ میں استدعا کر رکھی ہے کہ ایان علی ان کو ان کے مقتول شوہر اعجاز محمود کے قتل کی تفتیش کیلئے درکار ہے، اس لئے ایان علی کو ملک سے باہر جانے سے روکا جائے۔ لاہور ہائیکورٹ نے اعجاز محمود کی بیوہ کی رٹ وزارت داخلہ کو بھی بھجوا رکھی ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ کی ای سی ایل کمیٹی کا اجلاس آج یا کل متوقع ہے جس میں پنجاب حکومت کی درخواست پر فیصلہ کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جس خاتون کا خاوند قتل ہوا اس نے ایان علی کوروکنے کی درخواست دی ہے۔ بیوہ نے کہا ہے کہ اس کے خاوند کے قتل میں ایان علی ملوث ہیں۔ بیوہ نے ایان علی کو روکنے کی درخواست اور شامل تفتیش کرنے کا کہا ہے۔ تفتیش کے مکمل ہونے تک ایان کو روکا جائے گا اگر تفتیش میں بے گناہ ثابت ہو جاتی ہے تو جا سکتی ہے۔