خبرنامہ سندھ

ایان علی کی بیرون ملک روانگی

اسلام آباد: (آئی این پی ) غیر ملکی کرنسی اسمگلنگ کیس کے مقتول تفتیشی افسر اعجاز چوہدری کی بیوہ نے سپریم کورٹ میں ایان علی کی بیرون ملک جانے کی اجازت سے متعلق درخواست میں فریق بننے کی درخواست دے دی۔ اعجاز چوہدری کی بیوہ صائمہ اعجاز چوہدری کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان کے شوہر اعجاز چوہدری کو ایان علی کے خلاف غیر ملکی کرنسی کیس کا تفتیشی افسر مقرر کیا گیا تھا، ان پر ایان علی کی مدد کیلئے دباؤ ڈالا جا رہا تھا۔ تفتیش کے دوران ہی انہیں قتل کردیا گیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ وہ اعجاز چوہدری قتل کیس میں ایان علی کے خلاف متعلقہ تھانے میں بیان دے چکی ہیں، اس لئے انہیں سنے بغیر ایان علی کا نام ای سی ایل سے نہ نکالاجا ئے۔ ایان علی گزشتہ برس راولپنڈی ایئرپورٹ پر کروڑوں روپے کی غیر ملکی کرنسی دبئی لے جاتے ہوئے پکڑی گئی تھیں۔