خبرنامہ سندھ

ایدھی صاحب کا جانا بہت بڑا نقصان ہے: فیصل ایدھی

کراچی(آئی این پی) خادم انسانیت عبدالستارایدھی کے صاحبزادے فیصل ایدھی نے کہا ہے کہ ایدھی صاحب کا جانا بہت بڑا نقصان ہے‘ 20 زندگیاں بھی ملیں تو ان کے برابر کام نہیں کرسکتا‘جنازے کیلئے روڈ بند نہ کیے جائیں‘سفری دستاویزات میں مسائل کی وجہ سے قطب ایدھی والد کے جنازے میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی کے جنازے کیلئے وی وی آئی پی پروٹوکول نہ دیا جائے، انہوں نے پوری زندگی سادگی سے گزاری۔ فیصل ایدھی نے عبدالستار ایدھی کے جنازے کے لیے روڈ بھی بند نہ کرنے کی درخواست کی۔فیصل ایدھی نے کہا کہ ایدھی صاحب کی خواہش تھی کہ ادارہ چلتا رہے،ان کا جانا بہت بڑا نقصان ہے۔ مجھے 20 زندگیاں بھی ملیں تو ان کے برابر کام نہیں کر سکتا مگر پوری کوشش ہوگی کہ ان کی خواہش کے مطابق ادارہ اچھے طریقے سے چلا سکیں۔میڈیا سے گفتگو میں فیصل ایدھی نے بتایا کہ سفری دستاویزات کا مسئلہ ہونے کے باعث قطب ایدھی والد کے جنازہ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری کوشش ہو گی کہ ملک بھر میں ایدھی کی سروسز کام کرتی رہیں۔