خبرنامہ سندھ

ایدھی فاؤنڈیشن کے عطیات میں تیزی سے کمی

کراچی: (ملت+اے پی پی) معروف پاکستانی سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کی وفات کے بعد ایدھی فاؤنڈیشن کو چلانے میں ادارے کے منتظمین کو سخت مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ ادارے کو عطیات اکھٹا کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فیصل ایدھی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ان کے والد عبدالستار ایدھی کی وفات کے بعد ادارے کو ملنے والے فنڈز اور عطیات میں بہت کمی واقع ہوئی ہے جس کے باعث انسانی خدمت اور امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ عبدالستار ایدھی کے اعزاز میں پاکستان اسلامک ایسوسی ایشن (پی آئی ایم اے) کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ والد کی وفات کے بعد ادارے پر مشکل وقت آیا ہوا ہے۔ ہم ایدھی فاؤنڈیشن کو چلانے میں معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے درخواست کی کہ وہ عبدالستار ایدھی کے مشن کو آگے بڑھانے میں ان کا ساتھ دیں۔ فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ تمام مشکلات کے باوجود ان کے والد عبدالستار ایدھی کا مشن کبھی ختم نہیں ہوگا۔