خبرنامہ سندھ

ایدھی کے انتقال پر مختلف لوگوں کا اظہار افسوس

کراچی : (اے پی پی) مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے اپنی زندگی وقف کرنے اور بے لوث خدمت کرنے پر نہ صرف عبدالستار ایدھی کے فلاحی کاموں کے معترف ہیں بلکہ وہ اس خیال کا بھی اظہار کررہے ہیں کہ اس خلاء کو طویل عرصے تک پر نہیں کیا جا سکے گا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک کے لیجنڈ سماجی خدمت گار عبدالستار ایدھی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج عبدالستار ایدھی کے انتقال سے پاکستان عالمی سطح کی فلاحی شخصیت سے محروم ہو گیا ہے، ایدھی نے بغیر رنگ و نسل، ذات پات سے بلاامتیاز دکھی انسانیت کی خدمت کی جس کی وجہ سے وہ دنیا میں انسانی خدمت کے علمبردار مانے جاتے تھے۔ متحد ہ قومی موومنٹ کے رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار نے عبدالستار ایدھی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کا اثاثہ تھے اور ان کی ملکی اور بین الاقوامی سطح پر فلاحی اور سماجی خدمات کے باعث پاکستان کو دنیا میں جو مقام ملا ہے وہ کوئی اور شخصیت نہیں دلا سکتی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے ترجمان محمد اسد عثمانی نے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی نے پوری زندگی سادگی اور انسانیت کی خدمت میں گذاری۔ انہوں نے کہا کہ آج عبدالستار ایدھی کے اہل خانہ کے علاوہ ہزاروں یتیم بے سہارا بچے، خواتین و حضرات ان کے سایہ شفقت سے محروم ہو گئے۔ پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی نے معروف سماجی رہنماء عبدالستار ایدھی کے انتقال پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے ہمیشہ مذہب، قومیت، رنگ و نسل سے بالاتر ہوکر دکھی انسانیت کی خدمت کی، پاکستان ہندوکونسل کے زیر اہتمام غریب ہندو جوڑوں کی اجتماعی شادی کی سالانہ تقریبات میں ہمیشہ بطور مہمانِ خصوصی حصہ لیا، ہندو بچیوں کا گھر آباد کرنے کیلئے امداد بھی باقاعدگی سے فراہم کرتے رہے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی خان نے معروف سماجی رہنماء عبدالستار ایدھی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی نے انسانی خدمت کی ایک مثال قائم کی ہے اور ان کی وفات سے پاکستان ایک عظیم فلاحی شخصیت سے محروم ہو گیا ہے۔ چھیپا ویلفیئر ٹرسٹ کے سربراہ رمضان چھیپا نے عبدالستار ایدھی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ میرے استاد تھے اور ان کے فلاحی کاموں سے متاثر ہو کر میں نے چھیپا فاؤنڈیشن کی بنیاد رکھی۔ معروف گلوکار شہزاد رائے نے ایدھی صاحب کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ عظیم شخصیت کے مالک تھے، آج ہم دکھی انسانیت کی خدمت کرنے اور بے سہارا لوگوں کو سہارا دینے والے انسان سے محروم ہو گئے۔