کراچی:(اے پی پی) ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ شاہد حیات کا کہنا ہے کہ وہ قانون کے نوکر ہیں کسی کے ذاتی ملازم نہیں ہماری تفتیش سے کوئی ناراض ہوتا ہے تو ہوجائے لیکن قانون سے ہٹ کر کچھ نہیں ہوگا۔ کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ نے کہا کہ ایف آئی اے کا میڈیا ٹرائل ہورہا ہے، گزشتہ کئی ہفتوں سے مجھ پراورایف آئی اے پر کیچڑ اچھالا جارہا ہے، میرے خلاف نیب، ایف آئی اے یا وزارت داخلہ کی کوئی انکوائری نہیں چل رہی نا ہی میرے خلاف کوئی ریفرنس دائر کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عاصم سے کوئی تعلق نہیں، میرا نا کوئی کاروبار ہے اور نا ہی شوگر مل، گزشتہ تین سال سے میں نے کوئی غیر ملکی دورہ نہیں کیا۔شاہد حیات نے کہا کہ کسی کے ذہن میں کوئی خام خیالی ہوتو نکال دے، ہم قانون کے نوکر ہیں کسی کے ذاتی ملازم نہیں۔ ان کا ادارہ جن مقدمات کی تفتیش کررہاہے انہیں آخر تک لے کر جائیں گے، ان مقدمات میں مزید گرفتاریاں بھی ہوں گی۔ ہماری تفتیش سے کوئی ناراض ہوتا ہے تو ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بزنس مین غلط کام کرے گا توقانون کے مطابق کارروائی ہوگی،چاہےکچھ بھی ہوقانون سے ہٹ کر کچھ نہیں ہوگا، اسٹاک ایکس چینج کمیٹی اور چیرمین سیکیورٹی ایکس چینج سے میٹنگ ہوئی ہے، جس میں دونوں مطمئن ہوکر گئے ہیں۔