کراچی(آئی این پی)ایم کیوایم کے زیراہتمام آج سے ”صاف کراچی مہم “ کا باقاعدہ آغاز کردیاگیا، ایم کیو ایم کی صفائی مہم کراچی کے تمام 6 ڈسٹرکٹس میں شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ ایم کیو ایم کے زیر اہتمام صاف کراچی مہم کا آغاز کراچی میں نمائش کے علاقے سے کیا گیا،ایم کیو ایم کے نامزد میئر وسیم اختر نے نمائش پر سرکاری مشینری کے ذریعے صفائی مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اخترکا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی جانب سے صفائی مہم کے لیے ان کی کوئی مدد نہیں کی گئی کے ایم سی کی جو بھی گنی چنی گاڑیاں ہیں ان ہی کے ذریعے شہر کاکچرا اٹھایا جارہا ہے۔ دوسری طرف ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے بھی کھارادر پہنچ کر صفائی مہم کا جائزہ لیا،مہم کے دوران ہر ڈسٹرکٹ کے ایک ٹاؤن اور ہر ٹاؤن کی دو یونین کونسلوں میں روزانہ صبح 9بجے سے لیکر شام 5بجے تک صفائی ستھرائی جاری رہے گی ۔ صفائی مہم کیلئے مختلف علاقوں میں بینرز لگائے گئے ہیں جبکہ صفائی ستھرائی سے متعلق آگاہی کی فراہمی کیلئے پمفلٹ بھی تقسیم کئے گئےہیں۔