خبرنامہ سندھ

ایم کیوایم پاکستان نےبانی ایم کیوایم کےخلاف قرارداد تیارکرلی

کراچی:(اے پی پی) ایم کیوایم نے پاکستان مخالف بیان پر الطاف حسین کے خلاف قرارداد تیار کرلی ہے، رابطہ کمیٹی کے گرین سگنل کے بعد قومی اسمبلی میں جمع کروائی جائے گی۔ ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستارکے واضح بیان کے بعد پاکستان مخالف تقریر پر الطاف حسین کے خلاف قرارداد کے دعوں کو عملی جامہ پہنا دیا گیا، قرارداد کا ڈرافٹ تیار کرلیا گیا ہے- قرارداد کے ڈرافٹ میں ایم کیو ایم پاکستان کی تیئس اگست کی پریس کانفرنس کے نکات شامل کئے گئے ہیں، جس میں الطاف حسین اور بیان سے لاتعلقی سمیت میڈیا ہاؤسز پر حملے کی مذمت کی گئی تھی، ڈرافٹ فائنل کرنے کیلئے ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی کو رابطہ کمیٹی کے گرین سگنل کا انتطار ہے۔ قیادت کی طرف سے اوکے کا سگنل ملتے ہی قرارداداڑتالیس گھنٹوں میں قومی اسمبلی سکیریٹریٹ میں جمع کرائے جانے کا امکان ہے۔ گذشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے پاکستان مخالف بیانات پر بانی ایم کیو ایم کے خلاف قرارداد لانے کا فیصلہ کیا تھا، انکا کہنا تھا کہ قرارداد میں پاکستان مخالف بیانات کی مذمت کی جائے گی۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے بانی ایم کیو ایم کی ملک مخالف تقریر کے بعد ایم کیو ایم لندن سے لاتعلقی کا اعلان کردیا تھا اور کہا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے 23 اگست کو ایک لکیر کھینچ دی اور اب ہم خود مختار ہیں، اب تمام الفاظ اور نیت سب ہمارے ہی ہوں گے کسی کو شک کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ رواں ماہ 22 اگست کو الطاف حسین نے کراچی میں کارکنوں سے خطاب کے دوران پاکستان مخالف نعرے لگوائے تھے، جبکہ کارکنوں کو میڈیا ہاؤسز پرحملوں کے لیے اکسایا تھا، جس کے بعد کارکنوں نے مشتعل ہوکر اے آر وائی نیوز کے دفتر پر حملہ کردیا تھا۔