خبرنامہ سندھ

ایم کیوایم پرپابندی عائد کی گئی توسندھ حکومت ساتھ دیگی: قائم علی

سکھر: (اے پی پی) سکھر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ الطاف حسین کے ماضی میں بھی کئی غیر آئینی، غیر قانونی اور غیر اخلاقی بیانات آتے رہے ہیں اور اس مرتبہ تو انتہائی خطرناک بیان ہے جس کے خلاف قانون اور آئین کے مطابق کاروائی ہونی چاہیے اور اسی سلسلے میں الطاف حسین کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی بھی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایم کیو ایم پر وفاق کی جانب سے پابندی عائد کی گئی تو سندھ حکومت ان کا بھرپور ساتھ دیگی کیونکہ پہلے بھی جن جماعتوں کے خلاف پابندی عائد کی گئی ہے، ان اقدامات پر بھی سندھ حکومت نے وفاق کا ساتھ دیا ہے اور آگے بھی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جنرل راحیل شریف کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ ضرب عضب کی کارروائیوں کی وجہ سے دہشت گردوں نے سندھ کی طرف رخ کیا تھا لیکن ہم نے ان کے لیے تیاریاں کر رکھیں تھیں جس کی وجہ سے امن وامان کی صورتحال بہتر ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والوں کا کراچی کے امن و امان کی بحالی میں کلیدی کردار رہا ہے۔ انہوں نے اپنی عمر کے متعلق سوال پر بڑے شوخ انداز میں جواب دیا کہ میں جوانوں سے بہت جوان ہوں، گذشتہ دنوں ایک جلوس میں موجود تھا چھ گھنٹے پانی بھی نہیں پیا ،کیا میں جوان نہیں۔ سابق وزیر اعلیٰ نے منظور وسان کے خوابوں پر نوکمیٹس کا نعرہ لگا کر پریس کانفرنس کا اختتام کر دیا۔