خبرنامہ سندھ

ایم کیوایم کی علامتی بھوک ہڑتال

واشنگٹن: (اے پی پی) ایم کیو ایم نے پاکستان میں مہاجروں کے خلاف جاری انتقامی کارروائیوں اور کراچی میں بھوک ہڑتالی کیمپ میں بیٹھے کارکنوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیئے وائٹ ہاوس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن میں ایم کیو ایم کے حق میں نعرے درج تھے ۔ مظاہرین نے الطاف حسین کی تصاویر کے کتبے بھی اٹھا رکھے تھے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ایک طرف حکومت اور خفیہ ایجنسیاں طالبان سمیت دیگر دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ مذاکرات کر رہی ہیں لیکن انہوں نے یہ گوارا ہی نہیں سمجھا کہ ایم کیو ایم جیسی محب وطن جماعت سے بھی مذاکرات کر کے معاملات کو ختم کیا جائے اور ہمارے مطالبات کو حل کرنے کے لیئے سنجیدہ کوششیں کی جائیں۔ ” دنیا نیوز” نارتھ امریکہ کے نمائندے ندیم منظور سلہری سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما کا کہنا تھا کہ ہم نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے سامنے بھی مظاہرہ کرنے کا پروگرام بنا رکھا ہے اس سلسلے میں نیویارک انتظامیہ کو درخواست دے دی گئی ہے جب اجازت نامہ مل جائیگا تو ہم نیویارک میں بھی ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کرینگے۔