خبرنامہ سندھ

ایم کیوایم کے پرچم سے الطاف حسین کا نام ہٹادیا گیا

کراچی:(اے پی پی) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے اپنے پارٹی پرچم سے الطاف حسین کا نام ہٹادیا ہے22 اگست کے واقعے کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت اپنے بانی اور لندن سیکریٹریٹ سے دور ہوتی جارہی ہے۔ الطاف حسین سے مستقل لاتعلقی کے اعلان کے بعد اب پارٹی پرچم سے ان کا نام بھی ہٹا دیا گیا ہے۔ پی آئی بی کالونی میں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی رہائش گاہ اور پی ایس 127 میں ضمنی انتخاب کے دوران حلقے میں لگائے گئے پرچموں میں اب الطاف حسین کے نام کے بجائے پارٹی کا انتخابی نشان پتنگ نمایاں ہے۔ سیاسی جماعتوں کے پرچموں کی فروخت کے کاروبار سے منسلک افراد نے بھی الطاف حسین کے نام والا پرچم بھی ہٹادیا ہے۔ 22 اگست کو ایم کیو ایم کے بانی کی جانب سے پاکستان مخالف تقریر اور اشتعال انگیز نعروں کے بعد پارٹی کی مقامی قیادت نے لندن سیکریٹریٹ سے تعلق توڑتے ہوئے الطاف ھسین کے بیان سے لاتعلقی ظاہر کی تھی۔