کراچی(اے پی پی)ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم ایک دریا ہے اور دریا سے قطرے نکل جانے سےکوئی فرق نہیں پڑتا۔ فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم سے کسی کے نکل جانے سے فرق نہیں پڑتا جس طرح سمندر سے ایک دو بالٹی پانی نکالنے سے اس کا کچھ نہیں بگڑتا۔ قبل ازیں ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے یوسی 22 رنچھوڑلائن میں صفائی مہم کا جائزہ لیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رضا ہارون سےمتعلق سوال پر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ قیاس آرائیوں میں نہیں جانا چاہیے،اللہ سب کو ہدایت دے۔ فاروق ستار نے کہا کہ ضلع شرقی ، غربی اور وسطی میں صفائی مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے۔آج ملیر، کورنگی اوردیگر علاقوں میں بھی صفائی ہورہی ہے۔ شہر سے روزانہ 14ہزارٹن کچرا اٹھنا ممکن نہیں ،ابھی صرف 25فیصد کچرا اٹھایا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہم میں سب نے تعاون کا یقین دلایا ہے تاہم اس کے لیے مزید گاڑیاں درکار ہیں۔