کراچی (آئی این پی)متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما اور سابق صوبائی وزیررضا ہارون نجی ایئرلائن کی پرواز سے آج صبح دبئی سے کراچی پہنچ گئے۔ کراچی ایئرپورٹ جیونیوز سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے رضا ہارون نے کہا کہ ابھی مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتا، کوئی بات ہوگی تو میڈیا کو آگاہ کروں گا۔ رضا ہارون کے استقبال کیلئے ایئرپورٹ پر کوئی پروٹوکول دکھائی نہیں دیا، رضا ہارون متحدہ قومی موومنٹ کے صوبائی وزیر بھی رہے۔ رضا ہارون بھی ایم کیو ایم کے ان رہنماؤں میں شامل ہیں جو کافی عرصے سے منظر عام سے غائب ہیں ۔رضا ہارون کا شمار ایم کیوا یم کے سینئر رہنماؤں میں شمار کیا جاتاہے ، انہوں نے 1987 میں ایم کیو ایم سے وابستہ ہوئے ، وہ رابطہ کمیٹی میں شامل رہے۔ کراچی میں آپریشن شروع ہونے کے بعد وہ 1994 میں لندن چلے گئے اور پھر 2007 میں واپس آئے ۔ 2008 میں عام انتخابات میں صوبائی اسمبلی کا انتخاب جیت کر وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی بنے ۔ مختلف معاملات پر پارٹی ردعمل اور ایم کیو ایم کا موقف دینے کےلیے رضا ہارون رابطہ کمیٹی کی پریس کانفرنسز میں پیش پیش رہے ۔ مئی 2013 میں نائن زیر و اجتماع کے دوران متحدہ کے قائد جن رہنماؤں پر برہم ہوئے ان میں رضا ہارون میں بھی شامل تھے۔ اس واقعہ کے بعد رضا ہارون کچھ عرصے منظر عام سےدور رہنے کے بعد غائب رہنے کے بعد پھر سامنے آئے تاہم تھوڑے ہی عرصے میں وہ دوبارہ منظر عام سے ہٹ گئے اور ان کی ایم کیو ایم سے ناراضی کی قیاس آرائیاں کی جانے لگیں ۔