ایم کیو ایم لندن سمیت 8 خطرناک ملزمان گرفتار، سندھ رینجرز
کراچی:(ملت آن لائن) سندھ رینجرز نے جرائم کی بیخ کنی کے لیے کی گئی چھاپا مار کارروائی میں ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر سمیت 8 خطرناک ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے. صوبائی دارالخلافہ میں قائم امن کو استحکام اور پائیداری بخشنے کے لیے سندھ رینجرز کی چھاپا مار کارروائیاں جاری ہیں جس کے تحت گزشتہ شب مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کر کے 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے. ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق زیرحراست ملزمان میں ایم کیوایم لندن کا ٹارگٹ کلر جنید بھی شامل ہے جو ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کی کئی وارداتوں میں ملوث رہا ہے. ترجمان رینجرز کا کہنا تھا کہ عید گاہ کے علاقے سے 3 گینگ وار کارندوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جو قتل و غارت گری اور منشیات فروشی کے بہت سے مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے. علاوہ ازیں جمشید کوارٹر اور گڈاپ ٹاؤن سے اسٹریٹ کرائمز میں ملوث دو ملزمان کو پکڑا گیا ہے جب کہ ٹول پلازہ کے قریب کارروائی میں بھی ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے. ترجمان رینجرزکے مطابق ٹول پلازہ سے حراست میں لیے گئے ملزم کی نشاندہی پر ٹینکر سے 40 ہزار لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کرلیا گیا ہے جب کہ مزید قانونی کارروائی کے لیے گرفتار ملزمان میں سے 7 کو پولیس اور ایک کو کسٹم حکام کے حوالے کردیا گیا.