خبرنامہ سندھ

ایم کیو ایم لندن کے گرفتار کارکنان کے لرزہ خیز انکشافات

ایم کیو ایم لندن کے گرفتار کارکنان کے لرزہ خیز انکشافات
متحدہ قومی موومنٹ لندن کے گرفتار کارکنان نے دوران تفتیش لرزہ خیز انکشافات کئے ہیں جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے کراچی میں کارروائیاں کرتے ہوئے 46 مبینہ ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

ایم کیو ایم لندن کے گرفتار کارکنان کی تفتیشی رپورٹ جیو نیوز نے حاصل کرلی جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گرفتار دہشت گرد سلیم چوہدری اور ظہیر نے اعتراف کیا کہ 22 اگست کی بانی ایم کیو ایم کی تقریر کے بعد انہوں نے کئی افراد کو بغدے سے قتل کیا۔

تفتیشی رپورٹ کے مطابق دونوں دہشت گرد بانی ایم کیو ایم کی 22 اگست کو کی جانے والی تقریر کے دوران پریس کلب پر موجود تھے اور انہوں نے دوران تفتیش اپنے 22 ساتھیوں کے نام بھی بتائے۔

دوسری جانب رینجرز اور پولیس نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 46 افراد کو حراست میں لے لیا۔

رینجرز ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی بابر مارکیٹ میں رینجرز نے سرچ آپریشن کیا جس کے دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستے سیل کئے گئے ۔

ذرائع کے مطابق گھر گھر تلاشی کے بعد 3 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ حراست میں لئے گئے افراد کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب پولیس حکام نے بتایا کہ بلدیہ اتحاد ٹاون میں سرچ آپریشن کیا گیا جہاں کارروائی کے دوران 23 افراد کو حراست میں لیا گیا، جن سے تفتیش جاری ہے۔

ادھر منگھوپیر کے علاقے غریب نواز کالونی اور اطراف میں سرچ آپریشن کیا گیا جہاں پورے علاقے کے داخلی اور خارجی راستے سیل کر کے گھر گھر تلاشی کے بعد 20 افراد کو حراست میں لیا گیا۔

پریڈی کے علاقے میں پولیس اور رینجرز نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا تاہم اس دوران کسی فرد کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔