خبرنامہ سندھ

ایم کیو ایم متحدہ اپوزیشن کے اجلاس میں شرکت پررضامند

کراچی (آئی این پی)حکومت اور پیپلزپارٹی کے ایم کیو ایم سے رابطے کے نتیجے میں ،ایم کیو ایم، متحدہ اپوزیشن کے اجلاس میں شرکت پر رضامندہوگئی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق اجلاس میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر فاروق ستار،خالد مقبول صدیقی ، میاں عتیق اور بیرسٹر سیف کی شرکت متوقع ہے۔آصف علی زرداری کی ہدایت پر پیپلزپارٹی نے لندن میں ایم کیوایم کی قیادت سے رابطہ کیا ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر وفاقی وزراء کا اسلام آباد میں موجود ایم کیو ایم رہنماؤ ں سے رابطہ ہوا ہے۔اس سے قبل اپوزیشن کے آخری مشترکہ اجلاس اور ٹی او آرزکمیٹی کے آخری اجلاس میں ایم کیوایم شریک نہیں ہوئی تھی۔