خبرنامہ سندھ

ایم کیو ایم پاکستان کی عوامی طاقت کا مظاہرہ آج ہوگا

ایم کیو ایم پاکستان کی عوامی طاقت کا مظاہرہ آج ہوگا

کراچی میں مردم شماری کے نتائج کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان آج عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لیے لیاقت آباد دس نمبرکے فلائی اوور پر احتجاجی جلسہ کرے گی۔

واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان نے الزام عائد کر رکھا ہے کہ حالیہ مردم شماری میں کراچی کی آبادی کم دِکھائی گئی۔

جلسہ کامیاب بنانے کے لیے متحدہ رہنماؤں نے عوامی مہم چلائی اور شہریوں میں دعوت نامے بھی بانٹے گئے۔

جلسے کے دعوت نامے تقسیم کرنے کی غرض سے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے جامع کلاتھ مارکیٹ کا دورہ کیا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی آبادی درست گنی جائے تو 500 یونین کمیٹیاں بنیں گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاق نے 9 سال بعد اگر میٹرو بس دی ہے تو کوئی احسان نہیں کیا۔

جلسے کے سلسلے میں لیاقت آباد فلائی اوور پر انتظامات کیے گئے ہیں اور فلائی اوور کو دونوں اطراف سے رکاوٹیں لگا کر بند کردیا گیا ہے۔

اس سے قبل ایم کیو ایم کے رہنما کنور نوید جمیل ،کامران ٹیسوری اور رؤف صدیقی نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو کی۔

کنور نوید جمیل کا کہنا تھا کہ کراچی کی آبادی کو کم کرکے دکھانا عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔

دوسری جانب سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کنور نوید کے ہمراہ ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں عوام کو مظاہرے میں شرکت کی دعوت دی۔

خواجہ اظہار کی کیمپ میں آمد سے قبل پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کی ریلی ایم کیوایم پاکستان کے کیمپ کے سامنے سے گزری، اس موقع پر دونوں جماعتوں کے کارکنان نے شدید نعرے بازی کی۔