خبرنامہ سندھ

ایم کیو ایم پاکستان کی کمان ڈاکٹرفاروق ستار نے سنبھال لی

کراچی:(آئی این پی) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی کمان ڈاکٹرفاروق ستار نے سنبھال لی، کہتے ہیں کہ اب فیصلے لندن سے نہیں بلکہ پاکستان سے کئے جائیں گے، ایم کیوایم تشدد، بغاوت یا ملک دشمن پالیسی پر عمل نہیں کرتی، متحدہ کا مقصد صرف قیام امن کیلئے کوششیں کرنا ہے- متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور لندن کی راہیں جدا ہوگئیں،ایم کیوایم رہنما فاروق ستار نے لکیر کھینچ کر متحدہ پاکستان کی باگ ڈور خود سنبھال لی،کہا کہ ہم محب وطن پاکستانی ہیں، پاکستان مخالف بیان ہماری پالیسی نہیں۔ ایم کیوایم کے رہنما اپنا بیان دینے گزشتہ شب کراچی پریس کلب پہنچے،تاہم انہیں میڈیا سے بات چیت کیئے بغیر ہی رینجرز اپنے ساتھ لے گئی،معاملہ جہاں سے ختم ہوا تھا وہیں سے دوبارہ شروع کیا گیا۔ اپنے خطاب میں فاروق ستار نے اس تاثر کو زائل کرنے کی کوشش کی کہ ہم کسی کے کہنے پر یہاں کچھ بات کرنے نہیں آئے۔ فاروق ستار نے ایم کیوایم کے قائد کی ذہنی صحت کو خراب قرار دیاکہا کہ ایم کیوایم کے قائد ہمیشہ خود کو اور ہمیں بھی رسوا کرتے ہیں۔ انہوں نے مائنس ون فارمولے کے سوال پر جواب میں کہا کہ مائنس ون نہیں،یہ پلس فائیو فارمولا ہے،اپنے بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ ایم کیوایم کا پاکستان مخالف بیان سے نہ تو کوئی تعلق ہے،اور نہ متحدہ پلیٹ فارم سے ایسی باتیں دہرانے کی اجازت دی جائے گی۔ فاروق ستار نے ایم کیوایم سے لاتعلقی کے حوالے سے بار بار سوال پوچھے جانے پر خفا ہوگئے،بولے کہ صاف صاف الفاظ میں اپنا موقف پیش کردیا، اب میری جان لوگے؟ فاروق ستار نے میڈیا پر حملوں کی بھی مذمت کی اور ساتھ ہی ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو سمیت تمام دفاتر کھولنے کی بھی اپیل کردی۔انہوں نے کہا کہ متحدہ پرپابندی لگانےکی سوچ کوترک کیاجائے،تشدد ہمارا راستہ اور مقصد نہیں۔