کراچی (اے پی پی)متحدہ قومی موومنٹ نے کراچی میں شہر اپنی مدد آپ کے تحت صفائی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، فاروق ستار کا کہنا ہے کہ کراچی کو کچرے اور خرافات سے پاک کریں گے۔ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ہمراہ مرکز نائن زیروں پر پریس کانفرنس خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے بتایا کہ 10 مارچ سے شہر میں ’’کلین کراچی مہم‘ کے نام سے صفائی مہم شروع کی جارہی ہے، جو ایک ماہ سے زائد عرصہ تک بھی جاری رہ سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ قائد ایم کیو ایم کی ہدایت شہر کی صفائی کی منصوبہ بندی کرلی گئی ہے، مہم کے دوران صبح 8بجے سے شام 5بجے تک صفائی کا سلسلہ جاری رہے گا، شہر میں برسوں سے لگے کچرے کے ڈھیر کو کراچی سے باہر پھینکا جائے گا۔مہم کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کے تمام 6 اضلاع میں مہم شروع ہوگی، جو میئرکراچی کے حلف اٹھانے تک جاری رہے گی، مہم کے دوران ہرضلع میں روزانہ 12 سے 15 یوسیزمیں صفائی مہم ہوگی، صفائی مہم میں ہر طرح کے وسائل بروئےکار لائے جائیں گے اور ہمارے کارکن پائچے چڑھائے میدان میں اتریں گے۔انہوں نے کہا کہ صفائی مہم کا مقصد کراچی کے شہریوں کو شہر کا حصہ بنایا جائے، کراچی یہاں رہنے والے ایک ایک شخص کا شہر ہے، کراچی میراشہر ہے، کراچی ہم سب کا شہر ہے۔ فاروق ستار نے کہا کہ ہم نے عزم کیا ہے اپنے شہر کی اور ملک کے لوگوں کی خدمت کریں گے ، ہمارے ورکرز ، کونسلرز ، چیئرمین ، اراکین اسمبلی خود صفائی مہم میں حصہ لیں گے ،کراچی کی ہر گلی اور محلے کی صفائی ہوگی ، کچرے کے ڈھیر ختم کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم سی ویو کی طرف بھی جائیں گے اور وہاں بھی صفائی کریں گے۔