خبرنامہ سندھ

ایم کیو ایم کا مرکز نائن زیرو سیل

کراچی (آئی این پی) متحدہ قائد کے پاکستان مخالف بیانات کے بعد کراچی میں رینجرز نے آپریشن کیا۔ سیکٹر کمانڈر سچل رینجرز بریگیڈر خرم کا کہنا ہے کہ رینجرز کے آپریشن کے دوران نائن زیرو، خورشید میموریل سیکٹریٹریٹ، ایم پی اے ہاسٹل اور میڈیا سیل کو سیل کر دیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ رینجرز کے چھاپے کے دوران میڈیا سیل اور دیگر دفاتر میں خواتین موجود تھیں۔ کارروائی کے دوران پوچھ گچھ کی گئی لیکن کسی کو گرفتار نہیں کیا۔ بریگیڈر خرم کا کہنا تھا کہ تلاشی کے دوران ملک دشمن لٹریچر اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ رینجرز ذرائع کے مطابق تمام اسلحہ کا فرانزک ٹیسٹ کرایا جائے گا۔ دوسری جانب شہر بھر میں رینجرز اور پولیس نے آپریشن کرتے ہوئے متحدہ کے کئی دفاتر کو بھی سیل کر دیا۔ ان میں پی آئی بی سیکٹر، گلستان جوہر یونٹ آفس، شاہ فیصل سیکٹر آفس بھی شامل ہیں۔ سکھر اور نواب شاہ سمیت سندھ بھر میں زونل دفاتر کو سیل کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔