خبرنامہ سندھ

ایم کیو ایم کی آج پھراہم وکٹ گرنے کا امکان

کراچی: (اے پی پی) متحدہ قومی موومنٹ کے منحرف ہونے والے سابق رہنما آج ایک مرتبہ پھر پریس کانفرنس کریں گے جس کے دوران ایم کیو ایم سے ناراض رہنما ان کے ساتھ ملنے کا اعلان کریں گے۔ متحدہ قومی موومنٹ میں آنے والے سیاسی زلزلے کے بعد ایک کے بعد ایک رہنما منحرف سابق رہنما مصطفی کمال کے ساتھ شامل ہورہا ہے جب کہ آج ایک مرتبہ پھر متحدہ رکن اسمبلی کی مصطفیٰ کمال کی حمایت کرنے کا امکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی آج ایک مرتبہ پھر پریس کانفرنس کریں گے جس میں دونوں رہنماؤں کی جانب سے اہم اعلانات متوقع ہیں جب کہ ایم کیو ایم کے ایک اور رہنما پریس کانفرنس کے دوران ایم کیو ایم چھوڑ کر مصطفیٰ کمال کی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔ دوسری جانب مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ہمارے ساتھ شامل ہونے والا ایک بڑا نام ہے اس کے علاوہ اور کچھ نہیں بتاسکتا، آج 3 بجے ہونے والی پریس کانفرنس میں ان کا نام بتاؤں گا۔ سابق سٹی ناظم کراچی اور ایم کیو ایم کے سابق رہنما مصطفیٰ کمال کی انیس قائم خانی کے ہمراہ 3 مارچ کو دبئی سے پاکستان آمد کے بعد 7 مارچ کو ڈاکٹر صغیر نے ان کی جماعت میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔