خبرنامہ سندھ

ایم کیو ایم کی ایک اور وکٹ گر گئی، پونجومل بھیل پیپلز پارٹی میں شامل

کراچی:(آئی این پی ) پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم کو ایک اور دھچکہ دے دیا، 15 برسوں کی رفاقت اور دو مرتبہ ایم پی اے شپ بھی کام نہ آ سکی۔ اقلیتوں کی مخصوص نشست پر ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی پونجو مل بھیل پیپلز پارٹی کو پیارے ہو گئے۔ اسپیکر سندھ اسمبلی کو استعفیٰ بھی بھیج دیا۔ پیپلز میڈیا سیل کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پونجو مل بھیل کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم میں شمولیت کے وقت کہا گیا تھا کہ تمام قومیتوں کے لوگ مل جل کر رہیں گے مگر ایم کیو ایم کے قائد کی جانب سے سندھ کی تقسیم کی بات پر دل ٹوٹ گیا۔ پونجو مل بھیل کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی ترجیحات میں صرف شہری علاقے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کی اقلیتوں کے لئے ترجیحات کو دیکھ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے پونجو مل بھیل نے دو مرتبہ ایم پی اے بنانے پر ایم کیو ایم کا شکریہ بھی ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنی کمیونٹی کے لوگوں کی بہبود کے لئے بغیر لالچ غیر مشروط طور پر پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہا ہوں۔