خبرنامہ سندھ

ایم کیو ایم کی ممبرصوبائی اسمبلی بلقیس مختار’ پاک سرزمین‘ پارٹی میں شمولیت

کراچی:(اے پی پی) ایم کیوایم کی سینئر رہنماء اورایم پی اے بلقیس مختار سابق سٹی ناظم کی پاک سرزمین پارٹی کے قافلے میں شامل ہوگئیں، انہوں نے کہا کہ اب ہمارا نعرہ ہے کہ ’’ہم نا ہوں ہمارے بعد، پاک سرزمین شاد باد‘‘۔ پاک سرزمین کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے ’کمال ہاؤس‘ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلقیس مختار کا شکریہ ادا کیا۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہماری سرگرمیوں سے ایم کیو ایم کے کیمپ میں کھلبھلی مچی ہوئی ہے اورہمیں روکنے کے لیے بچکانہ حرکتیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ہمارے جعلی لیٹرہیڈ پر پریس ریلیز جاری کرنے کا سلسلہ جاری کر رکھا ہے جس کے ذریعے افواہوں کو ہوا دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے ہم نے اپنی سرگرمیاں شروع کری ہیں تب سے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کارکنان اورذمہ داران سے تمیز سے بات کرنا شروع کردی ہے۔ بلقیس مختارایم کیو ایم کے پلیٹ فارم سے تین مرتبہ صوبائی اسمبلی کی ممبر منتخب ہوچکی ہیں۔ بلقیس مختار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاک سرزمین کے رہنماؤں اورصحافیوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو سوال مصطفیٰ کمال نے اٹھائے وہی سوال طویل عرصے سے ہمارے اندر بھی اٹھ رہے تھے۔ ایم کیو ایم کی سابق خاتون رہنما کا کہنا تھا کہ میں ماوٗں بہنوں سے اپیل کرتی ہوں کہ آنکھیں کھولیں اورسمجھیں کہ ہم آپ کے بچوں کے حقوق کی جدوجہد کے لئے میدان میں آئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم بانیانِ پاکستان کی اولاد ہیں اورہمارے ’جینیٹکس‘ میں حب الوطنی شامل ہے لیکن ہم را کے ایجنٹ بنادیے گئے۔ بلقیس مختار نے کہا کہ وہ لوگ جو ایم کیو ایم کی قیادت کے خلاف نجی محفلوں میں مجھ سے 90 اور میرے گھر میں گفتگو کرتے رہے ہیں ان سے درخواست ہے کہ وہ بے خوف ہوکرآئیں اور حب الوطنی کے اس قافلے میں شامل ہوجائیں۔ انہوں نے میڈیا کے توسط سے حکومت سے اپیل کی کہ اردو اسپیکنگ دہشت گرد، بھتہ خور اور ٹارگٹ کلر نہیں ہیں بلکہ ان کی محرومیوں کی بنا پر ان کا غلط استعمال کیا گیا، دل بڑے کرکے اردو اسپیکنگ افراد کو گلے سے لگایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہمارا نعرہ کچھ اور تھا لیکن اب ہمارا نعرہ ہے ’’ ہم نا ہوں ہمارے بعد، پاک سرزمین شاد باد‘‘۔