کراچی:(اے پی پی)رات گئے لائنز ایریا کے علاقے میں واقع متحدہ قومی مومنٹ کے انتخابی دفتر میں نامعلوم شر پسندوں کی توڑ پھوڑ،دفتر کوآگ بھی لگا دی، رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کا کہنا ہے کہ مٹھی بھر مخالفین ضمنی انتخابات کے عمل کو سبوتاز کرنا چاہتے ہیں۔ کراچی کے علاقے لائنزایریا میں بریگیڈ تھانے سے چند قدم کے فاصلے پر واقع ایم کیوایم کے انتخابی دفترمیں نامعلوم افراد داخل ہوئے اور دفتر میں مبینہ طور پر توڑ پھوڑ کرنے کے بعد آگ لگا دی۔.واقعہ کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی۔ اطلاع ملنے پر ایم کیوایم کے رکن قومی اسمبلی دیگر رہنماوں کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے اوردفتر کے معائنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چار روز پہلے بھی اس علاقے میں مٹھی بھر سیاسی مخالفین نے ہماری ریلی پر حملہ کیا تھا اور آج پھر ان ہی شرپسند عناصر نے انتخابی دفتر میں آگ لگائی ہے، بعد ازاں متحدہ قومی مومنٹ کی جانب سے بریگیڈ تھانے میں واقعہ کے حوالے سے درخواست جمع کرا دی گئی۔