کراچی:(اے پی پی) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے سکھر میں مختلف کارروائیوں میں 2 افراد کوگرفتار کرکے بھاری مقدار میں چرس برآمد کرلی۔ جمعرات کو اے این ایف کے ترجمان نے”اے پی پی” کو بتایا کہ اے این ایف نے سکھر بس اڈے پر چھاپہ مارکر ملزم عبدالمجید ولد کریم بخش کو گرفتار کرکے قبضے سے ساڑھے 7 کلوگرام چرس برآمد کرلی ہے اور ملزم کی موٹرسائیکل بھی تحویل میں لے لی گئی ہے۔ جبکہ دوسری کارروائی میں اے این ایف نے سٹی بائی پاس سکھر پر چھاپہ کے دوران ملزم فرمان علی ولد عبدالرشید کو گرفتار کر کے 4 کلو 300 گرام چرس برآمد کر کے ملزم کی موٹر سائیکل کو تحویل میں لے لیا ہے۔ دونوں ملزمان کے خلاف تھانہ اے این ایف سکھر میں مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔