این ٹی ایس اسا تذہ کے معاہدے میں توسیع کی جائے گی،جا م مہتا ب
کراچی:(ملت آن لائن) صوبائی وزیر تعلیم و خواندگی جام مہتاب حسین ڈہر نے 29دسمبر کو این ٹی ایس ٹیچرز کے معاہدے کے ختم ہو نے سے متعلق کہا ہے کہ ان اساتذہ سے متعلق پالیسی طے کر لی گئی ہے اور ان کے معاہدے کے مطابق ان کا ٹیسٹ لیکر ان کے معاہدے میں توسیع کی جائے گی۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری تعلیم اسکولز اقبال حسین درانی نے بھی شرکت کی ۔انہو ں نے کہا کہ مذکو رہ اسا تذہ کو ایک مخصوص وقت دیا جا ئے گا اور اس کے بعد ان اسا تذہ کے ٹیسٹ منعقد کیا جا ئے گا اور اس ٹیسٹ میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو معاہدے میں توسیع کر دی جائے گی ۔انہو ں نے کہا کہ تمام معاملات پالیسی کے مطابق شفاف طریقے سے حل کئے جائیں گے اور این ٹی ایس پاس اساتذہ اچھی امید رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال موسم سرما کی تعطیلات معمول کے مطابق 24 دسمبر سے شروع ہوں گی تاہم آئندہ سال کے موسم گرما/سرما کی تعطیلا ت سے متعلق فیصلے محکمہ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر تعلیم جام مہتاب حسین ڈہر نے کہا کہ ہم سب کو مل کر تعلیم کو احسن طریقے سے بہتر کرنا ہے اور جب تک تمام اسٹیک ہولڈرز اپنے مفاد سے بالاتر ہو کر کام نہیں کریں گے اس وقت تک مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر سکیں گے۔