کراچی:(اے پی پی)سرکاری جامعات کے اساتذہ کی تنظیم نے سندھ حکومت کو الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ پندرہ اپریل تک یونیورسٹیز ایکٹ میں ترامیم نہ کی گئیں تو سندھ کی تمام سرکاری جامعات کو تالا لگا دیں گے۔فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن سندھ کے تحت کراچی پریس کلب میں اساتذہ کنونشن منعقد کیا گیا۔ اساتذہ رہنمائوں کا کہنا تھا کہ جامعات میں اعلیٰ انتظامی عہدوں پر تقرری کیلئے بنائی گئی سرچ کمیٹی میں سیاستدانوں کو شامل کیا گیا ہے جس کے بعد میرٹ کی پاسداری کا امکان ختم ہوگیا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ سندھ حکومت پرائمری اسکولوں کو تباہ کرنے کے بعد اب جامعات کو بھی برباد کرنا چاہتی ہے۔ فپواسا سندھ کی صدر عرفانہ ملاح کا کہنا تھا کہ میرٹ کےخلاف تقرریوں پر احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔اساتذہ رہنمائوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے جامعات میں پسند اور نا پسند کی بنیاد پر گرانٹ تقسیم کی جو قابل مذمت ہے۔