ایک زرداری سب پر بھاری، بلوچستان میں ثابت ہو گیا: وزیر اطلاعات سندھ
کوئٹہ: (ملت آن لائن)ایک زرداری سب پر بھاری، بلوچستان میں ثابت ہو گیا: وزیر اطلاعات سندھ، وزیر اطلاعات سندھ نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومت سندھ کے عوام دوست منصوبوں کا بھرپور تذکرہ کیا، بولے سندھ میں امراض دل اور کینسر کے مریضوں کا مفت علاج ہو رہا ہے۔ بلوچستان میں تبدیلی کا کریڈٹ بھی ناصر شاہ نے آصف زرداری کو دے دیا، کہنے لگے ایک زرداری سب پر بھاری بلوچستان میں یہ ثابت ہو گیا ہے، اب بلوچستان میں اسمبلی تحلیل ہونے کا خطرہ ٹل گیا ہے۔ ناصر شاہ ایم کیو ایم پاکستان اور پی ایس پی دونوں پر ہی برس پڑے، بولے جو مسیحا بنے پھر رہے ہیں وہ مگر مچھ کے آنسو بہا رہے ہیں، بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور بوری بند لاشیں ملنے کا آغاز کن کے دور میں ہوا؟ وزیر اطلاعات سندھ نے دعویٰ کیا کہ سندھ میں بننے والے گرینڈ الائنس سے پیپلز پارٹی کو کوئی خطرہ نہیں، عمران خان بھی مسترد شدہ لوگوں کو ساتھ ملا کر سندھ میں تبدیلی کا دعویٰ کر رہے ہیں۔