اے ڈی خواجہ اور سندھ سرکار میں قربتیں
کراچی: (ملت آن لائن) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ اور سندھ حکومت کے درمیان برف پگھلنے لگی۔ وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی بار آئی جی آفس اجلاس کی صدارت کرنے پہنچ گئے۔ سندھ حکومت اور آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کے تعلقات گزشتہ برس دسمبر میں تناؤ کا شکار ہوئے تھے۔ آئی جی سندھ رخصت پر چلے گئے۔ سول سوسائٹی نے اے ڈی خواجہ کو ہٹانے کے خلاف عدالت سے رجوع کر لیا۔ وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال بارہا کہتے رہے کہ سندھ میں بائیس گریڈ کے افسر عبد المجید دستی موجود ہیں، سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت اے ڈی خواجہ کی جگہ انہیں تعینات ہونا چاہئے تاہم سندھ ہائیکورٹ اور وفاق نے ان کی ایک نہ سنی۔ سندھ کابینہ کے آخری اجلاس کے بعد حکومت اور اے ڈی خواجہ کے تعلقات میں بہتری آنے لگی۔ سہیل انور سیال سے آئی جی سندھ نے ون ٹو ون ملاقات بھی کی جس کے بعد بالآخر آج سہیل انور سیال پہلی بار سینٹرل پولیس آفس پہنچے اور اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں کرسمس کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی سندھ اور حکومت قریب تو ہوتے دکھائی دے رہے ہیں مگر اے ڈی خواجہ کو ہٹانے کا معاملہ بدستور عدالت میں زیرِ التواء ہے۔