خبرنامہ سندھ

بارش کے 3 روز بعد بھی پانی کی نکاسی نہ ہو سکی

کراچی: (ملت+اے پی پی) میٹروپولٹن شہر میں سرما کی پہلی بارش سیوریج سسٹم کا بھانڈہ پھوڑ گئی۔ انتظامیہ کے سارے دعوے برساتی پانی میں بہہ گئے۔ بارش گزرے تین روز ہو چکے، کچی آبادیوں کو تو چھوڑیئِے پوش علاقوں سے بھی پانی نہ نکالا جا سکا۔ حال تو یہ ہے کہ اب گٹر اور برساتی نالے بھی ابلنے لگے ہیں مگر کوئی پوچھنے والا نہیں۔ علاقہ مکین کہتے ہیں کہ آخر جائیں تو جائیں کہاں؟ نارتھ کراچی ہو یا نیو کراچی، سرجانی ہو یا شاہ فیصل، لانڈھی ہو یا کورنگی، ملیر ہو یا کوئی اور علاقہ، صورتحال کہیں بھی مختلف نہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے جراثیم کش سپرے تک نہیں کیا جا رہا۔