خبرنامہ سندھ

بانی نے انحراف کیا، ہمارا مینڈیٹ برقرار ہے ،فاروق ستار

متحدہ قومی موومنٹ:(آئی این پی) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ اور قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایوان میں مذمتی قرارداد کی تائید کرتے ہیں ، آئین اور قانون کے تقاضوں کے مطابق کارروائی کی جائے ، پاکستان بنانے والوں کی اولادوں کو کٹہرے میں کھڑا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،بانی نے انحراف کیا، ہمارا مینڈیٹ برقرار ہے ۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فاروق ستار کا کہنا تھا کہ مینڈیٹ گلیوں ، محلوں اور ٹاک شوز میں چیلنج نہیں ہوسکتا ،اس کیلئے 2018 ءکا انتظار کریں ۔ انہوں نے کہا کہ 22اگست کا دن پوری قوم کیلئےہی نہیں ہمارے لیےبھی سب سےبراتھا، ہم حکومت اور اپوزیشن کی قرارداد کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال کنفیوژن پیدا کررہے ہیں ،ایک طرف کہاجارہاہےملی بھگت ہےاوردوسری طرف کہاجارہاہےڈرےہوئےہیں۔ انہوں نے کہا کہ میئر اور بے وسیلہ بلدیاتی ادارے بنیادی مسائل ہیں ،جیل میں بیٹھےمیئر کےگھر کو سب جیل ڈکلیئرکردیں،ہم کراچی چلاکردکھائیں گے،2 کروڑ کی آبادی کے شہری بغیر ٹرانسپورٹ کے ہیں ،70 فیصد ٹیکس دینے کے باوجود کراچی کے شہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ فاروق ستار کا کہنا تھاکہ پاکستان کے تمام آئینی اداروں سے کہا ہے کہ ہمیں کام کرنے دیں،ہمارے دفاتر گرائے جارہےہیں ،نائن زیرو سیل ہے، ان خواتین کو گرفتار کیا گیا جو بلوے میں نہیں تھیں، اداروں کی ساکھ داؤ پر نہیں لگنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آفتاب احمد کا قتل ماورائے عدالت قتل ہے اس کی تحقیقات ہونی چاہئے۔