گھوٹکی(اے پی پی)گھوٹکی میں موجود پاکستان کا سب سے بڑا سرکاری سفاری پارک مالی بدحالی کا شکار ہوگیا، پرندوں اور ہرنوں سمیت جانوروں کی 10ماہ سے خوراک ختم ہونے کے باعث جنگلی حیات کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔پروجیکٹ ڈائریکٹر صوفی انور سائیں سفاری پارک جاوید مہر کے مطابق پاکستان کے سب سے بڑے اور چوبیس سو ایکڑ رقبے پر پھیلے ہوئے سفاری پارک میں جانوروں، پرندوں اور نایاب نسل کے ہرنوں کی خوراک کے لئے حکومت سندھ کی جانب سے 2 لاکھ روپے ماہانہ فنڈ گزشتہ دس ماہ سے بند ہے جس سے جنگلی حیات کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں ۔متحدہ عرب امارات کی جانب سے بھیجی گئی نایاب نسل کی ہرنوں چنگارو، چیتل، نیل گائے، کالا ہرن کی افزائش میں اضافہ ہوگیا ہے انکی تعداد 200سے زائد ہوگئی ہے مگر فنڈز کی کمی کے باعث جانور اور پرندے من پسند غذا سے محروم ہیں انہیں گندم، کھجور،چاول،جو اور چھولے کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ مخصوص چارے کی کاشت نہ ہونے سے سینکڑوں جانور اور نایاب ہرن درختوں کی ٹہنیاں کھانے پر مجبورہیں ۔