اسلام آباد:(ملت آن لائن) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی میں بجلی کے طویل بریک ڈاؤن اور کارکردگی کے معیار میں ناکامی پر ‘کے الیکٹرک’ پر 20 لاکھ روپے کا جرمانہ کردیا۔
رپورٹ کے مطابق نیپرا کی جانب سے کے الیکٹرک پر یہ جرمانہ گزشتہ برس جون میں ہونے والے بجلی کے طویل بریک ڈاؤن پر عائد کیا گیا۔
نیپرا کی جانب سے کہا گیا کہ ‘کے الیکٹرک’ مقررہ وقت میں بجلی کی فراہمی کو بحال کرنے اور پاکستان کے عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے میں ناکام رہی۔
اتھارٹی نے کہا کہ 28 جون 2017 کو بارش سے تقریباً 700 فیڈرز ٹرپ ہوئے جس سے کراچی کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہوا، یہ صورتحال 24 سے 48 گھنٹے تک جاری رہی اور شہر کے تقریباً 50 فیصد حصے میں بجلی کی فراہمی بند رہی، اس کے علاوہ کرنٹ لگنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔
نیپرا کے مطابق اس صورتحال کا نوٹس لیا گیا اور کے الیکٹرک کو فوری طور پر ہدایت کی گئی کہ اس وقت کے دوران وہ فیڈر ٹرپنگ اور کرنٹ لگنے کے واقعات پر رپورٹ پیش کرے، ساتھ ہی کے الیکٹرک کی جانب سے اٹھائے گئے حفاظتی اقدامات کے بارے میں بھی بتانے کی ہدایت کی تھی۔
بعد ازاں کے الیکٹرک نے رپورٹ جمع کرائی تھی جس میں یہ بات سامنے آئی کہ 30 ملی میٹر طویل بارش کے باعث 28 جون کو تقریباً 600 اور 29 جون کو 400 فیڈرز طویل دورانیے کے لیے ٹرمپ ہوئے۔
نیپرا نے اپنے بیان میں کہا کہ کے الیکٹرک کی جانب سے ناقص صورتحال پر نیپرا نے قانونی چارہ جوئی کے آغاز کا فیصلہ کیا اور اس عمل کے مکمل ہونے پر جرمانے کا حکم جاری کیا۔
پاور ریگولیٹر کا کہنا تھا کہ 28 جون اور اس کے بعد کراچی کے مختف علاقوں میں 24 گھنٹوں سے زائد کے لیے غیر اعلانیہ بجلی کی فراہمی کی معطلی دیکھی گئی جس کی بڑی وجہ کچھ ملی لیٹر بارش نہیں بلکہ کے الیکٹرک کا کمزور اور خراب تقسیم کا نظام ہے، اس کے علاوہ یہ بات بھی دیکھی گئی کہ کے الیکٹرک مقررہ وقت میں بجلی کی فراہمی بحال کرنے میں ناکام رہا۔
دوسری جانب کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم نیپرا کے پاس جائیں گے کہ وہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے کیونکہ کے الیکٹرک صارفین کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال ماہ ستمبر میں بھی نیپرا نے کراچی کے صارفین کو بجلی کی بلا امتیاز فراہمی میں ناکامی پر کے الیکٹرک کو 50 لاکھ روپے کا جرمانہ کیا تھا۔
نیپرا کی جانب سے یہ جرمانہ سال 2017 میں ماہ رمضان میں کراچی کے صارفین کو کئی گھنٹوں تک بجلی سے محروم رکھنے کی وجہ سے کیا گیا تھا۔